(شاہد ندیم سپرا) لیسکو نے ایک بار پھر بجلی کے بلوں کی اقساط پر پابندی عائد کر دی، پابندی اگست میں ریکوری اہداف کے حصول کے لئے لگائی گئی۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے تمام صارفین کیلئے ماہ اگست کے بلوں کی اقساط پر پابندی لگائی گئی ہے، جبکہ کمپنی نے بقایاجات کی رقوم کی دو اقساط کرنے کی اجازت دی ہے، کیونکہ گزشتہ ماہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی اقساط ہونے پر صارفین کو بقایاجات بھجوائے گئے ہیں، بقایاجات اور کرنٹ بل اکٹھا ہونے کی وجہ سے صارفین کو ادائیگی کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمپنی نے موجودہ بل کی ادائیگی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، ماہ اگست کے بلوں کی وصولی کرکے ریکوری اہداف کو حاصل کیا جائیگا، گزشتہ ماہ بار بار مقررہ تاریخ میں توسیع اور اقساط سے ریکوری متاثر ہوئی ہے۔