(مانیٹرنگ ڈیسک) جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ٹرانسجینڈر قانون میں ترامیم پیش کرنے کا اعلان کردیا۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ٹرانسجینڈر قانون قرآن اور سنت سے متصادم اورقابل مذمت ہے، اس میں ترامیم پیش کریں گے، عمران خان فوج سمیت تمام اداروں پر حملہ کر رہے ہیں، عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، عمران خان ہوتا کون ہے کہ حکومت کو کہے کہ آرمی چیف کی تقرری کون کرے گا عمران کو بتانا چاہتے ہیں کہ تم لاکھ چیخو وہی ہوگا جو آئین ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ متاثر ہوا ہے، ابھی تک کئی علاقوں میں پانی جمع ہے لوگ سڑکوں پر ہیں، اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، متاثرین کی بحالی کے اقدامات سے متعلق سندھ حکومت سے بات کریں گے۔