مسلم لیگ (ق) نے (ن) لیگ کی ایک اور وکٹ گرا دی

20 Sep, 2020 | 02:42 PM

Sughra Afzal

گلبرگ (علی اکبر)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی رائے عثمان کھرل نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کر لی، (ق) لیگ کی جانب سے حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں کے تحصیل چیئرمین کیلئے لیاقت عباس بھٹی کو نامزد کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور کامل علی آغا سے جڑانوالہ سے رائے عثمان خان کھرل سابق ایم پی اے پی پی 56  نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، رائے عثمان کھرل نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا، رائے عثمان کھرل سابق ایم این اے رائے عارف حسین کھرل کے صاحبزادے ہیں۔ اس موقع پر پیر شعیب شاہ نواز، سابق چیئرمین رائے محمد فاروق، ناصر علی جپہ، ملک شاہد اعوان نمبردار، میاں ارشد حسین نیکوکارہ، ملک مبشر کھو کھر ایڈووکیٹ، رائے محمد منشاء کھرل اور آصف چٹھہ بھی موجود تھے۔ 

چودھری پرویزالٰہی سے سابق ایم این اے لیاقت عباس بھٹی نے بھی ملاقات کی، چودھری پرویز الٰہی نے حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں کے تحصیل چیئرمین کیلئے لیاقت عباس بھٹی کو نامزد کرنے کا اعلان کیا۔

  چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا عوام کے بنیادی مسائل حل کئے، صوبے کی ترقی کیلئے فلاحی ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جو کہ آج بھی عام آدمی کی بلاتفریق خدمت کر رہے ہیں.

واضح رہےکہ 20 اگست کو   حافظ آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے ن لیگ، ٹی ایل پی اور آزاد امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سےدوران ملاقات ق لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی ، جن میں این اے 155 ملتان سے آزاد امیدوار ڈاکٹر خالد خان خاکوانی سابق صدر پی ٹی آئی ملتان، پی پی 126 جھنگ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر محمد آزاد ناصر، پی پی 71 حافظ آباد ٹکٹ ہولڈر ٹی ایل پی (تحریک لبیک پاکستان) سید شعیب شاہ بخاری اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی معروف سیاسی شخصیات ساجد رضا کھیتران اور عابد حسین کھیتران کمالیہ شامل تھے۔

مزیدخبریں