کورونا پھر سر اُٹھانے لگا، مزید 7 افراد ہلاک، 645 نئے کیسز رپورٹ

20 Sep, 2020 | 09:34 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں کورونا پھر سر اٹھانے لگا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 645 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، مزید 7 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 361 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 31 ہو چکی ہے، اس موذی وبا سے جاں بحق افراد کی کْل تعداد 6 ہزار 415 تک جا پہنچی ہے، کورونا وائرس کے ملک میں 6 ہزار 572 مریض اب بھی ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں جن میں سے 562 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 92 ہزار 44 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 

این سی او سی کے مطابق سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 362 ، پنجاب میں98 ہزار 272 خیبرپختونخوا 37 ہزار 270 ، اسلام آباد میں 16 ہزار 086، بلوچستان میں 14 ہزار 138 ، آزاد کشمیر 2 ہزار 491 اورگلگت بلتستان میں 3 ہزار 412 تعداد ہوگئی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی اورشفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 18 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 720 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کْل 31 لاکھ 26 ہزار 380 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں.

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔

مزیدخبریں