ویب ڈیسک : وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت جمہوری عمل کا حسن ہے، آئینی ترامیم کے حوالے سے کسی قسم کی عجلت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا ۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستانی عوام کے لئے تاریخی دن ہے، آج پارلیمان کی بالادستی کے حوالے سے تاریخی دن ہے، پارلیمان کی بالادستی کے لئے آئین واضح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کو آسان بنانے کے لئے چارٹر آف ڈیموکریسی میں طے ہوا تھا، تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت جمہوری عمل کا حسن ہے، مشاورت کے عمل میں کسی سیاسی جماعت کو باہر نہیں رکھا گیا، آئینی ترامیم پر طویل مشاورت جاری رہی، آئینی ترامیم کے حوالے سے کسی قسم کی عجلت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئینی پیکیج انصاف کی فوری فراہمی کے حوالے سے اہم قدم ہے، آئینی ترمیم کے لئے سیر حاصل اور طویل مشاورت کی گئی، نائب وزیراعظم، وزیر قانون سمیت دیگر زعما نے آئینی ترامیم میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔