ویب ڈیسک : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج تاریخی دن ہے، آپ سب کو 26 ویں آئینی ترمیم مبارک ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، مولانا صاحب کا شکر گزار ہوں، جے یو آئی نے آئینی ترامیم کے مسودے پر بہت محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی سینیٹرز کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی ہے، جے یو آئی کے سینیٹرز پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہر فورم کو استعمال کیا لیکن ترمیم پر ایک لفظ نہیں دیا، پھر بھی درخواست کرتا ہوں پی ٹی آئی قومی مفاد میں اس ترمیم کا ساتھ دے، پی ٹی آئی ارکان نے کمیٹی میں اور ملاقاتوں میں اتفاق رائے کیا تھا، میری اور مولانا کی پریس کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی ردعمل بہت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں کوئی متنازع پوائنٹ نہیں بچا، مولانا کا جتنا شکریہ ادا کروں وہ ناکافی ہے، مولانا کا کردار تاریخ یاد رکھے گی، ان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنے سینیٹرز کو پہنچنےکی ہدایات دی۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ نے خود سنیارٹی کے ساتھ میرٹ کی بات کی، ایک جج نے مجھے اور آصفہ بی بی کو وہ انصاف دیا جو کوئی کبھی نہیں دے سکا، اس جج نے مشرف کو سزا دی، فیض آباد دھرنے کا فیصلہ دیا، پی ٹی آئی ساتھ ہو یا نہیں، ہماری کوشش ہو گی آج ہر حال میں یہ کام پورا ہو۔