مزید پانچ کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ,پی سی بی کا اہم فیصلہ

20 Oct, 2023 | 05:45 PM

Ansa Awais

(وسیم احمد) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دیے گئے سینٹرل کنٹریکٹس کا بغور جائزہ لینے کے بعد اس میں مزید پانچ کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس طرح سینٹرل کنٹریکٹس حاصل کرنے والے کرکٹرز کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔

 یاد رہے کہ 25 کرکٹرز کی پچھلی لسٹ کو نجم سیٹھی کی سربراہی میں قائم منیجمنٹ کمیٹی نے منظور کیا تھا لیکن ذکاء اشرف کی سربراہی میں قائم نئی منیجمنٹ کمیٹی نے اس فہرست کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا جس کی روشنی میں پانچ مزید کرکٹرز کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔ان کرکٹرز کو تین سال کیلئے کنٹریکٹس دیے گئے ہیں جو یکم جولائی 2023ء سے 30 جون 2026ء تک کیلئے ہیں۔

سینٹرل کنٹریکٹس میں جن پانچ کرکٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے ان میں ابرار احمد (سی کیٹگری) نعمان علی (سی کیٹگری) طیب طاہر (ڈی کیٹگری) عامر جمال (ڈی کیٹگری) اور ارشد اقبال (ڈی کیٹگری) شامل ہیں۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اور فرسٹ چوائس وکٹ کیپر سرفراز احمد کی سینٹرل کنٹریکٹ میں کیٹگری تبدیل کرتے ہوئے ڈی سے بی کردی ہے۔

 سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں قابل ذکر اضافہ کیا گیا ہے جس میں آئی سی سی ریونیو کا حصہ بھی شامل ہے۔

 سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کرکٹرز کی کارکردگی کا ہر سال جائزہ لیا جائے گا۔

مزیدخبریں