(دور نایاب) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی کے گراؤنڈ فلور پر48 گھنٹے میں 36 بیڈز کا اضافہ کروا دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے اچانک چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا، صوبائی وزیر بلال افضل، انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بھی ہمراہ تھے۔
محسن نقوی نے گراؤنڈ فلور پر میڈیکل ایمرجنسی، فرسٹ فلور پر نئے بچہ وارڈ اور زیر تعمیر ایمرجنسی کا معائنہ کیا، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر میڈیکل ایمرجنسی میں دستیاب جگہ پر بیڈز میں اضافہ کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے میڈیکل ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد بڑھانے پر فوری عملدرآمد کے اقدام کی تعریف کی۔ محسن نقوی نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ماؤں سے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے پوچھا جبکہ ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کو بچوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے ہدایات بھی دیں۔
وزیر اعلیٰ نے نئے بچہ وارڈ میں زیر علاج بچوں کی خیریت دریافت کی، ایک بچے احتشام کی والدہ نے ایم آئی آر کے لئے 4 روز بعد کا وقت دینے کی شکایت کی، محسن نقوی نے ڈی ایم ایس اور ڈیوٹی ڈاکٹر کو بچے کا ایم آئی آر فوری طور پر کرانے کی ہدایت کردی۔
محسن نقوی نے نئے بچہ وارڈ میں ایک بیڈ پر 3،3 بچوں کی موجودگی پر ناراضگی کا اظہار کیا، انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو بیڈز مینجمنٹ، بچہ وارڈ میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے زیر تعمیر ایمرجنسی میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کا حکم بھی دیا اس موقع پر انہوں نے ہدایت دی کہ کام کے دوران اتارے گئے اے سی، فرنیچر اور دیگر اشیاء کا ریکارڈ مرتب کیا جائے، تمام اشیاء کی فہرست تیار اور ڈاکٹرز رومز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے۔