پاکستان نے فیٹف اجلاس سے قبل بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا مسترد کردیا  

20 Oct, 2022 | 11:48 PM

(ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارتی میڈیا کی بدنیتی پر مبنی مہم کو مسترد کردیا۔

فیٹف کے مکمل اجلاس سے قبل بھارتی میڈیا میں شائع اور نشر ہونے والی پاکستان مخالف خبروں پر ترجمان دفتر خارجہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ فیٹف اجلاس سے قبل ہندوستانی میڈیا پر پاکستان مخالف منظم مہم کو مسترد کرتے ہیں۔ فیٹف اجلاس سے پہلے ہمیشہ بھارتی میڈیا نے سرکاری لیکس کے ذریعے پاکستان مخالف گمراہ کن، بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈا کیا ۔

 ترجمان کاکہناتھا کہ فیٹف اور بین الاقوامی برادری نے بارہا پاکستان کی طرف سے اے ایم ایل سی ایف ٹی نظام کو بہتر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا اعتراف کیا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ اس عمل کو سیاسی رنگ دینے اور پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔بھارت کی ان کوششوں کے باوجود فیٹف نے جون 2022 کے مکمل اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان نے دونوں ایکشن پلانزمکمل کر لیے ہیں۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہناتھا کہ یہ سمجھتے ہوئے کہ فیٹف کے اندر اس کے عزائم کو قبول کرنے والا کوئی نہیں ہے،بھارت من گھڑت معلومات کی بنیاد پر اپنے مذموم عزائم کو فروغ دے رہا ہے۔ پاکستان نے بھارت کی اس مکروہ، من گھڑت اور بے بنیاد مہم کی جانب فیٹف کی توجہ دلائی ہے۔جھوٹ اور پروپیگنڈے کی چکی میں پلنے والا بھارتی میڈیا اور ریاستی اداروں کا کوئی اعتبار نہیں ہے۔ ان کا پاکستان مخالف بیانیہ بے بنیاد اور پیتھولوجیکل ہے۔اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ترجمان نے کہاکہ اگر کچھ بھی ہے تو یہ حیلہ باز صرف ہندوستانی میڈیا کی کھوکھلی کہانیوں اور اس کے سرپرستوں کی بدنیتی کو مزید بے نقاب کرنے کا کام کرتے ہیں۔

مزیدخبریں