مریم، صفدر پھر مشکل میں،سینکڑوں لیگی کارکنوں پر بھی مقدمہ درج

20 Oct, 2020 | 05:05 PM

Arslan Sheikh

(عرفان ملک)گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے پر تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے،مقدمے میں مریم نواز،کیپٹن صفدر، اور ملک پرویز کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ کرنے کےمعاملے پر تھانہ شاہدرہ میں لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر پنجاب میں ساؤنڈ ایکٹ اور سیکورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کی گئی، ایف آئی آر میں نائب صدر ن لیگ مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر ، ملک ریاض، سمیع اللہ خان، ملک پرویز اور علی پرویزملک کو نامزد کیا گیا۔مقدمہ بلال یاسین ، سمیع اللہ خان، سیف الملوک کھوکھر سمیت دو ہزار سے بائیس سو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کےمتن میں بیان کیا گیا کہ شاہدرہ چوک کو بلاک کرکے کنٹینرز لگا کر ٹریفک بلاک کی گئی،بغیر اجازت ٹریفک بلاک کرنے سے شہریوں کو پریشانی ہوئی جبکہ ریلی میں حکومتی اجازت کے بغیر گاڑی سے باہر آکر خطاب کیا گیا۔ خطاب کے دوران حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کی گئیں۔  

واضح رہے16 اکتوبر کو پی ڈی ایم نےگوجرانوالہ میں اپنی پہلی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا تھا، جس میں متحدہ اپوزیشن نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ مریم نوازکا کہنا تھا کہ میں یہاں نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری اور مجھ سمیت کسی سیاستدان کا مقدمہ لے کر نہیں آئی بلکہ عوام کے پاس عوام کا ہی مقدمہ لے کر آئی ہوں۔ کسی کو حق نہیں کہ وہ عوامی نمائندے کو نکالے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ پاکستان کی معیشت تاریخ کا بدترین دور دیکھ رہی ہے۔ لوگوں کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں، پاکستان جب دولخت ہوا اس وقت بھی ملک کا یہ حال نہیں تھا۔ 

مزیدخبریں