(سعید احمد) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرکسٹمزحکام کی بڑی کارروائی، لاہور سے بیرون ملک بڑی مقدار میں کیٹامائن ڈرگز، نشہ آور اور نیند کی گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق کسٹمز حکام نے کوالالمپور جانیوالے 2 مسافروں کے سامان سے دوران تلاشی نشہ آور غیر ممنوعہ ادویات برآمد کر لیں، کراچی کے رہائشی نذیر علی اور جواد بلال کے سامان سے 195 کلو کیٹامائن ڈرگز اور 5 لاکھ نیند کی گولیاں برآمد ہوئیں، کیٹامائن ڈرگ خشک دودھ کے پیکٹوں میں بند کی گئی تھی، دونوں مسافر ملینڈو ائیر کی پرواز او ڈی 132 کے ذریعے لاہور سے کوالالمپور جا رہے تھے، دوران امیگریشن کسٹمزحکام کی جانب سے مسافروں کے سامان کی تلاشی سےغیر ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئیں جس پر دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر دیاگیا۔
کسٹمزحکام نے کاغذی کارروائی پوری کرنے کے بعد دونوں مسافروں کو مزید تفتیش کیلئےپولیس کے حوالے کر دیا۔