حسن علی: آل پاکستان ورکرز یونین یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں حکومت کی پالیسیوں کے خلاف 22 اکتوبر کو اسلام آباد میں پورے پاکستان سے یوٹیلٹی سٹورز کے احتجاجی دھرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سکیم موڑ پر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے زونل آفس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت یونین کے جنرل سیکریٹری انور وقار نے کی، جب کہ اجلاس میں سرپرست اعلی ملک محمد سلیم، الیاس منہاس، ندیم اقبال، انور گجر، امتیاز احمد، سعید اللہ، منظور علی، مبارک علی، ظفر اقبال، رانا وکیل، شاہ تاج، شاہد بٹ، شکیل احمد سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں 22 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کو حتمی شکل دی گئی، اس موقع پر انور وقار کا کہنا تھا کہ حکومت کو یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے ملازمین کی جانب سے 10 مطالبات پیش کئیے گئے تھے, جن میں ڈیلی ویجر اور کنٹرکٹ ملازمین کو مستقل کرنے سمیت گریجویٹی اور یوٹیلٹی سٹورز کے لئے بیل آوٹ پیکج شامل تھا۔
حکومت نے صرف اور صرف یوٹیلٹی سٹورز کی پرکیورمنٹ پر سے پابندی اٹھائی ہے لیکن دیگر مطالبات نہیں مانے اور ان مطالبات کے لئے 22 اکتوبر کو ملک بھر سے تعلق رکھنے والے یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین اسلام آباد میں یوٹیلٹی سٹورز کے ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور دھرنا دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ احتجاج پر امن ہو گا اور اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام مطالبات پورے نہیں ہوجاتے ہیں۔