سعید احمد سعید: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 8 ہزار ریلوے ملازمین کی سمری وزیراعظم کو مستقل کرنے کی بھیجی ہے۔ مزدوروں غریبوں کا وزیر ہوں تمام ورکرز کو ایک گریڈ بڑھانے کی سمری وزیراعظم کو بھیجی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا لاہور ہیڈکواٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کے لیے ٹرینوں کے کرائے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بولان میل کی اکانومی کلاس میں 30 دسمبر تک 40 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔ اسی طرح اکبر ایکسپریس اور میانوالی ٹرین کے کرایوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ جن ٹرینوں کو پرائیویٹائیز یشن سے ریلوے کو منافع حاصل ہو سکتا ہے ان کو ضرور ت پرپرائیوٹ کیا جائے گا۔ ہم عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں لیکن ریلوے کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔ 7 ڈویژن کراچی، کوئٹہ، سکھر، ملتان، لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں وائی فائی ٹریکنگ سسٹم کی سہولت جلد ہی متعارف کروائی جائے گی جبکہ سکھر اور روہڑی پر وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ریلوے ہیڈ کواٹر میں نصب کیا جائے گا جس کی مدد سے ہر ٹرین کی نقل وحرکت با آسانی مانیٹر کی جا سکے گی۔ انجنوں کے ساتھ ٹریکنگ سسٹم لگا رہے ہیں۔ جی پی ایس سسٹم متعارف کروا رہے ہیں جس سے عوام ٹرینوں کے صیحح اوقات کار اور لوکیشن معلوم کر سکیں گے۔
وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ ہماری ویگنیں مکمل کمپیوٹرائزڈ ہوں اور ان کا کوڈ نمبر بھی ہو۔ گاڑیوں کا تیل بچایا جا سکے اور ٹیکنالوجی کے ذریعہ کفایت شعاری ممکن ہو۔ 600 کھڑی کوچز میں سے کم از کم ایک سو کو دسمبر تک ٹریک پر لانے کا انتظامیہ کو ٹارگٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرین لائن ٹرین میں اگلے دس دنوں میں وائی فائی سہولت میسر ہو گی۔ کوچز کی ریپرینگ کے لیے لوکو شاپ رسالپور اور ورک شاپ ڈویژنوں کو ٹارگٹ بھی دیا اور کوئی کوچ اب خراب کھڑی نہیں ہو گی سب پٹڑی پر ہو گی۔ کچھ دنوں میں وزیراعظم دو مزید ٹرینوں کا افتتاح کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میانوالی ٹرین کا ٹائم تبدیل کر دیا ہے، ریلوے کی کیپیسٹی پر بات ہوئی ہے، فریٹ ٹرینیں کی تعداد بڑھائیں گے۔ ٹاسک فورس بنا دی ہے تاکہ ریلوے آمدن بہتر ہو، 77 ہزار لوگوں کو ریلوے کالونیوں میں پرپیڈ بجلی کے میٹر لگا رہے ہیں،ایک سال کا ٹارگٹ دس ارب ریونیو ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 8 ہزار ریلوے ملازمین کی سمری وزیراعظم کو مستقل کرنے کی بھیجی ہے، مزدوروں اور غریبوں کا وزیر ہوں تمام ورکرز کےایک گریڈ بڑھانے کی سمری وزیراعظم کو بھیجی ہے۔ ریلوے حادثات کے باعث ریلوے ٹریک کے قریب سکول اور چھوٹے یونٹ 31 دسمبر تک بند کروا دیئے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 1700 کلومیٹر پر جتنے ادارے ہیں سب کو بند کر دیں گے، سیاسی طور پر الیکشن میں نوکریاں دی گئیں اب میرٹ پر نوکریاں دیں گے۔ کروڑوں کے لوکو موٹو ماضی میں خریدے گئے کوئی ٹریک نہیں بنایا گیا کوشش ہو گی کہ ریلوے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کردوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کرپشن اور کرپٹ آدمی کو دنیا میں قانون کے مطابق سزا ضرور ملتی ہے، جی پی ایس کی گھٹریاں آ گیں تو ٹرین ڈرائیورز کو ضرور دوں گا۔ سب سے زیادہ خساره نارووال ٹرین کا ہے ماضی میں 2 ارب سے زیادہ ٹرین کے ثقافتی ورثے پر خرچ کیا جو افسوسناک ہے۔ لاہور میں کوشش ہو گی 2 دن گزاروں گا، 6 ارب کا روزانہ سود ہے، نواز شریف کم اور شہباز شریف زیادہ بڑا چور ہے،جس حال میں ملک ملا اس حال میں ملک چلانا مشکل ہے۔