ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

توشہ خانہ کیس 2 ؛ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ، تحریری فیصلہ جاری

 توشہ خانہ کیس 2 ؛ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ، تحریری فیصلہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک :  توشہ خانہ کیس 1 کے بعد بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس 2 میں بھی ضمانت منظور کرلی گئی ، عدالت نے تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا ۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، دوران سماعت عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جن تین کسٹمز افسران نے قیمت غلط لگائی ان سے متعلق کیا کارروائی ہوئی؟ اس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ کسٹمز افسران سے کوتاہی ہوئی لیکن وہ کرمنل مس کنڈکٹ نہیں تھا، جس نے مالی فائدہ اٹھایا وہ بنیفشری کریمنل مس کنڈکٹ کامرتکب ہوا۔ بلغاری جیولری سیٹ کو غیرقانونی طور پر پاس رکھا اور توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کرایا۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے لیکن میڈیا میں پہلے سے ہے کہ ضمانت ہو جائے گی، اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا میڈیا سے خود کو مستثنیٰ کر لیں، میڈیا میں کہا جاتا ہے جان کر بیمار ہو گیا، جان کر نہیں آیا، میڈیا اگر سنسنی نہیں پھیلائے گا تو ان کا کاروبار کیسے چلے گا۔

تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی عمران خان کی ضمانت منظور کرلی، ساتھ ہی بانی پی ٹی آئی کو 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے اور انہیں ٹرائل کورٹ کے سامنے بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ سیٹ کی قیمت زیادہ لگانے کی شہادت کا معاملہ ہے، دباؤ کا معاملہ ابھی ثابت کرنا ہے، ٹرائل کے دوران عدالت سے تعاون نہ کیا تو ضمانت واپس ہو سکتی ہے۔

تحریری فیصلہ

بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور کرنے کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایک صفحہ پر مشتمل مختصر فیصلہ جاری کیا، جس کے مطابق پٹیشنر ٹرائل کورٹ کی تسلی کے مطابق دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائیں، بانی پی ٹی آئی کو خبردار کیا جاتا ہے کہ ضمانت کی رعائت کا غلط استعمال نہ کریں، بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں ہر تاریخ سماعت پر ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہوں۔ 

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی ضمانت کا غلط استعمال کریں تو پراسیکیوشن ضمانت واپس لینے کی درخواست دے سکتی ہے، بانی پی ٹی آئی کو ٹرائل کورٹ حاضری سے استثنیٰ نہ دے تو ہر سماعت پر پیش ہوں،  بانی پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کرنے کی وجوہات تفصیلی فیصلے میں جاری کی جائیں گی ۔ 

واضح رہے کہ نیب نے 13 جولائی 2024 کو بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس 2 میں گرفتار کیا تھا۔