لوگوں میں گھر کے فساد کی تیاری کیلئے 80 کروڑ بانٹا گیا ہے: مریم اورنگزیب

20 Nov, 2024 | 05:12 PM

سٹی 42 : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ احتجاج اور دھرنا دینا ہے تو اپنے صوبے میں دیں،ایک صوبے کی انتظامیہ کو دوسرے صوبے کی انتظامیہ سے نہ لڑائیں ۔

  پریس کانفرنس میں تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا یہ نند اور بھاوج کی لڑائی ہے جس کو احتجاج بنا دیا ہے، یہ کیا بات ہے کہ میرے لیڈر کو چھوڑ دو، ان کی بہن کہتی تھیں کہ بانی پی ٹی آئی نے الٹی میٹم دیدیا ہے۔

  سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ  لوگوں میں گھر کے فساد کی تیاری کیلئے 80 کروڑ بانٹا گیا ہے، بنی گالہ والے کہہ رہے ہیں چڑھ دوڑو، ورنہ ٹکٹ نہیں ملے گی، آپس میں بیٹھ کر بات کر لیں کہ کونسا حصہ کس کا ہے،انہوں نے کہا 2014 میں ایک شخص ڈی چوک پر حملہ آور ہوا، ترقی کے عمل کو سبوتاژ کیا گیا، پوچھنا چاہتی ہوں کون سا الٹی میٹم ؟ ملک میں دوبارہ بہتری آ رہی ہے، ملک کے حالات کو نند اور بھابھی کی لڑائی کی نظر نہیں کیا جا سکتا، آج معاشی ترقی کو ایک بار پھر سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کوئی نہیں بتا رہا کہ جہاد کا مقصد کیا ہے؟ جہاد کا مقصد ہے 24 تاریخ کو پی ٹی آئی فرنچائز کس کے حصے میں جائے گی، آپ نے احتجاج کرنا ہے تو اپنے صوبے میں کریں، احتجاج والا معاملہ آپ کے گھر کا ہے، اس کو گھر میں رہنے دیں، اپنے معاملات گھر میں ہی حل کریں۔

 سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ نواز شریف نے 2015 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، اب بھی وزیراعظم شہباز شریف کہہ رہے ہیں یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو گا، وزیراعلیٰ مریم نواز تو دن میں تین، تین منصوبے لا رہی ہیں، وزیراعلیٰ دن رات محنت کر رہی ہیں، لیپ ٹاپ، کسان کارڈ اور ای وی بائیکس تقسیم ہو رہی ہیں، خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز ہیلتھ سیکٹر پر کام کر رہی ہیں،ان کا مزید کہنا تھا تمام ڈی پی اوز، ایڈمنسٹریشن اور متعلقہ حکام کی ڈیوٹی لگتی ہے، اس قسم کے گھر کے احتجاج پر عوامی سکیورٹی کا مسئلہ بن جاتا ہے، خدارا ملک کو ترقی کرنے دیں، ملک ایک ٹھیک سمت چلا ہے، مشکل حالات کو ٹھیک کیا جا رہا ہے، آپ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، پنجاب کے عوام آپ کیلئے کیوں نکلیں گے؟ پنجاب کے لوگوں کو ترقی ہوتی نظر آ رہی ہے۔
 

مزیدخبریں