ملک اشرف : بانی تحریک انصاف کیخلاف مقدمات کی تفصیلات ہائیکورٹ میں پیش، پنجاب کے تھانوں میں 54 ، اسلام آباد میں 62 مقدمات ، ایف آئی ے میں تین مقدمات اور چار انکوائریاں چل رہی ہیں، عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی نامعلوم مقدمات میں گرفتاری روکنے کا حکم دینے کی استدعا مسترد کردی ۔
جسٹس فاروق حیدرنے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کی، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ لودھی نے بانی تحریک انصاف کیخلاف پنجاب کے تھانوں میں درج مقدمات کی رپورٹ پیش کی، جبکہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردارامیرحمزہ ڈوگر نے اسلام آباد کے تھانوں اورایف آئی اے میں درج مقدمات اور انکوائریوں کی رپورٹ پیش کی، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ لودھی نے54 مقدمات کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 21 اور راولپنڈی میں17 مقدمات درج ہیں، گوجرانوالا میں ایک، قصور میں سات، فیصل آباد میں پانچ، اٹک میں2، میانوالی میں ایک مقدمہ درج ہے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردار امیرحمزہ ڈوگر نے وزارت داخلہ اورایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نےعدالت کو بتایاکہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف اسلام آباد میں62، ایف آئی اے میں3 مقدمات اورچارانکوائریاں ہیں۔