ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کے بعد اب نئی مقبول ہورہی سائٹ " بلیواسکائی" کو بھی بلاک کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس پر بہت سے سماجی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔ اب پاکستان میں ایکس (سابق ٹوئٹر) کے متبادل کے طور پر مقبول ہونے والا سوشل میڈیا پلیٹ فارم والا بلیو اسکائی بھی بند کر دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب خبریں آرہی تھیں کہ بلیو اسکائی کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور بلیو اسکائی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 16 ملین سے متجاوز کرچکی ہے۔ بلیو اسکائی کو ایکس کیلئے خطرے کی گھنٹی بھی قرار دیا جارہا ہے کیونکہ عالمی سطح پر بہت سے بڑے اداروں نے فیک نیوز اور پراپیگنڈے کی وجہ سے ایکس سے بیزاری کا اظہار بھی کیا ہے۔
تاہم ابھی تک پی ٹی اے کی جانب سے اس بندش کے حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ جس کے بعد اب بلیو اسکائی کو بھی وی پی این کے بغیر استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔
خیال رہے کہ بلیو اسکائی ایکس کی طرز پر بنی ایک ایپ ہے مگر اس کی خصوصیت یہ ہے کہ ایکس کے برعکس یہ ڈی سینٹرلائزڈ ہے اور صارفین کو اپنے فالوورز کا ڈیٹا میسر ہے اور ساتھ ساتھ ’ایلگورتھم‘ خود چننے کا آپشن بھی موجود ہے۔امریکا میں صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد کئی صارفین نے ایلون مسک کی وجہ سے ایکس چھوڑ کر بلیو اسکائی کو جوائن کیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان میں بھی ایکس پر پابندی کے بعد متعدد صارفین نے بلیو اسکائی پر اکاؤنٹس بنانا شروع کر دیے تھے۔
واضح رہے پاکستان میں ایکس سروسز کئی ماہ سے معطل ہیں اور صارفین بغیر وی پی این کے ایکس استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔