آزاد نہڑیو: پاکستانیوں نے فیک نیوز کے فنامنا کی معراج اپنی آنکھوں سے دیکھ لی۔ فیک نیوز پھیلانے والوں نے ملک کے ایک صوبہ کی کابینہ میں نئے وزیر کی شمولیت کا فیک نوٹیفیکیشن ملک بھر میں پھیلا دیا۔ آخر کار صوبائی حکومت کو تردید جاری کرنا پڑی کی صوبائی کابینہ میں کوئی توسیع نہیں کی گئی۔
پیر کے روز محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن نے سندھ کابینہ میں توسیع کے بارے میں وائرل ہونے والے نوٹیفیکیشن کو جعلی قرار دیا ہے۔ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے اس جعلی نوٹیفیکیشن کی تحقیقات کروانے کا بھی اعلان کر دیا ہے اور اس حوالے سے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جنوبی اسلام آباد کو خط ارسال کردیا ہے۔
خط میں جعلی نوٹیفیکیشن کے اجراء کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ میں عبدالحلیم کی شمولیت کا نوٹیفیکیشن جعلی ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سےعبدالحلیم کو محکمہ ایکسائیز ٹیکسیشن انڈسٹریز ٹریڈ کامرس اینڈ کو آپریٹو سوسائیٹیز الاٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ عبدالحلیم کی کابینہ میں شمولیت کا جعلی نوٹیفیکیشن 6 نومبر 2023ء کو پھیلایا گیا تھا جبکہ اسے بعض محکموں کا قلمدان الاٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن 17 نومبر 2023ء کو پھیلایا کیا گیا تھا۔