نئی نویلی دلہن نے شوہر کو قتل کردیا

20 Nov, 2022 | 03:22 PM

ویب ڈیسک : خضدار کے علاقے باغبانہ میں نئی نویلی دلہن نے شوہر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

لیویز فورس نے کارروائی کرکے ملزمہ کو سہولت کار سمیت گرفتارکرلیا اور انکے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے، مقتول اور ملزمہ دعوت پررشتہ داروں کے گھر جارہے تھے، ویرانے کے قریب ملزمہ نے شوہرکوفائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 16نومبر2022 کو ایک نوجوان عرفان زہری خضدار کے علاقہ باغبانہ میں فائرنگ سے پہلے زخمی اور بعد ازاں علاج کیلئے کراچی لیجاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا تھا۔

لیویز انچارج نوراحمد زہری نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عرفان زہری ولد محمد ہاشم سکنہ علیزئی باغبانہ کی شادی 20 روز قبل باغبانہ علیزئی کے رہائشی عبدالرسول کی بیٹی نجمہ سے ہوئی تھی اور شادی کے بعد شوہر اپنی بیوی اور اس کی بہن کو لیکر باغبانہ کے قریبی علاقے میں دعوت کھانے جارہے تھے کہ اس دوران راستے میں عرفان پر فائر ہوا جس سے وہ زخمی ہوا جسے علاج کے لئے پہلے خضدار اور بعد ازاں کراچی منتقل کردیا گیا تاہم و ہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔

شک ہونے پر لیویز فورس نے مقتول کی نئی نویلی بیوی کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو اس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے آشنا کے کہنے پر اپنے شوہر کو قتل کیا ہے تاکہ وہ اس سے شادی کرلے اورقتل کے بعد انہوں نے آلہ قتل اپنے گھر کے پاس کنویں میں پھیک دیا، ملزمہ کی نشاندہی پر اسکے آشنا سعید احمد ولد عبدالخالق قوم بارانزئی ساکن سنی خضدار کو بھی گرفتار اور کنویں سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔

لڑکی نے مزید انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اسکا اپنے آشنا سعید احمد بارانزئی کیساتھ 4 سال سے افیئر چل رہا تھا اور میں اسکے ساتھ شادی کرنا چاہتی تھی۔

مزیدخبریں