ویب ڈیسک: معروف پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی وڈ سے 3 مشہور فلموں کی پیشکش ہوئی تھی۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری سرکاری ٹی وی کے مارننگ شو کی مہمان بنیں جہاں ان سے میزبان نے غیر ملکی آفرز سے متعلق گفتگو کی۔اداکارہ نے کہا کہ مجھے پہلی بار 2003 میں بالی ووڈ فلم ’خاموش پانی‘ کی پیشکش ہوئی تھی ۔اداکارہ نے بتایا کہ میں اپنے بچوں کے اسکول کی وجہ سے یہ فلم نہیں کر پائی تھی جسے بعدازاں اداکار انوپم کھیر کی اہلیہ کرن کھیر نے کیا۔
بشریٰ انصاری نے بتایا کہ انہیں فلم 'دل دھڑکنے دو' میں انیل کپور کی اہلیہ کے کردار کی آفر ہوئی تھی جسے بعدازاں اداکارہ شیفالی شاہ نے نبھایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کے اسکرپٹ کے حوالے سے کچھ غلط فہمیاں ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے یہ فلم نہیں کرسکی۔اداکارہ نےبتایا کہ دو سال قبل بھی ایک فلم کی آفر ہوئی تھی لیکن پھر پلوامہ حملے والا واقعہ ہوگیا۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ انہیں اداکار اکشے کمار کے ہمراہ فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی اور 'فلم کیسری' میں اکشے کی ماں کا کردار نبھانا تھا۔