(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت اور نیوزی لینڈ کے میچ کے دوران ایک تماشائی سکیورٹی حصار کو توڑتے ہوئے کرکٹ گراؤنڈ میں گھس آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گزشتہ روز بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان رانچی کے جے ایس سی اے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹی 20 میچ میں ایک تماشائی نے سکیورٹی حصار کو توڑا اور کھیل کے دوران ہی میدان میں کود گیا اور اپنی خواہش پوری کرنے کی کوشش کی۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ تماشائی بھارتی کپتان روہت شرما کا مداح تھا جس نے کرکٹ گراؤنڈ میں آتے ہی روہت کی طرف دوڑ لگائی اور ان کے پاؤں چھونے کی کوشش کی۔
تماشائی کے میدان میں آنے پر سٹیڈیم کی سکیورٹی کا عملہ فوری متحرک ہوگیا جس نے اسے باہر لے جانے کی کوشش کی لیکن مذکورہ شخص خود ہی بھاگتا ہوا میدان سے نکل گیا۔