گراں فروشوں کو کھلی چھوٹ مل گئی

20 Nov, 2020 | 08:33 PM

Arslan Sheikh

( سٹی 42 ) اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا راج برقرار، ضلعی انتظامیہ اپنے ہی جاری کردہ سرکاری نرخنامہ پرعمل درآمد کرانے میں ناکام ہے، دالیں سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس 60 روپے مہنگی فروخت کی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔ سپر سٹورز، کریانہ سٹور، ڈیپارٹمنٹل سٹورہر جگہ دالیں مہنگی فروخت کی جارہی ہیں، شہر میں متعدد پھلوں اور سبزیوں کی سرکاری قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ اشیاء کی قیمتیں لاہوریوں کی قوت خرید سے باہر ہو کر رہ گئی ہیں۔

برائلر مرغی اور انڈے بھی غریب کی پہنچ سے دور ہو گئے ہیں۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق شہر میں برائلر گوشت 319 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل درآمد نہیں کرانا، توجاری بھی نہ کریں۔

دوسری جانب ایک کروڑ بارہ لاکھ کی آبادی کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد صرف 53 ہے۔ مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرانے کے ذمہ دار پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے اور موبائل ایپ سے کڑی نگرانی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد 53 سے بڑھا 200 تک کرنے کے لئے محکمہ داخلہ سے رجوع کرلیا گیا۔ 

مزیدخبریں