گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کےقتل میں بڑی پیشرفت

20 Nov, 2020 | 03:16 PM

M .SAJID .KHAN

(زین مدنی)معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی وحید احمد کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم دین عباس کو پولیس نے گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق ملزم کو اس کے آبائی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تین روز قبل معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی وحید احمد کو اس کے سسرالی رشتے دار دین عباس نے بادامی باغ کے علاقے ریلوے پھاٹک میں گولیاں مارکر قتل کردیا تھا، جس کی ایف آئی آر شبنم مجید کی مدعیت میں درج ہوئی، دو روز بعد ہی دین عباس کو اس کے آبائی شہر کامونکی سے گرفتار کر لیا گیا، پولیس کے مطابق دین عباس سے تفتیش کی جارہی ہے اور جلد ہی حقائق سامنے لائیں جائیں گے۔

 قبل ازیں یہ خبر زیر گردش تھی کہ معروف گلوکارہ شبنم مجید کے بھائی کو بیوی سے لڑائی کے بعد سالوں نے قتل کردیا، مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔اس حوالے سے گلوکارہ شبنم مجید کابیان بھی سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہناتھا کہ میرے بھائی اور بھابھی کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا، گزشتہ روز بھی دونوں میاں بیوی میں لڑائی ہوئی اور کچھ دیر بعد گولیاں چلنے کی آواز آئی۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے بعد ہم نے گھر سے باہر نکل کر دیکھا تو میرا بھائی خون میں لت پت تھا، ہم نے اس کو ہسپتال پہنچایا لیکن وہ بچ نہیں سکا۔ گلوکارہ شبنم مجید نے مقتول کے سالوں پر قتل کا الزام عائد کیا، پولیس نے بادامی باغ میں قتل کا مقدمہ درج کرکے شبنم مجید سمیت عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرلئے ہیں۔

پولیس دوروز میں قتل کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوگئی،حراست میں لئے گئے ملزم سے پولیس کی تحقیقات جاری ہے، پولیس ذرائع کا کہناتھا کہ قاتل کو جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

مزیدخبریں