( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی پولیس افسر کو فلم شعلے میں ”گبر سنگھ“کا کردار نبھانے والے اداکار امجد خان کا مشہور ڈائیلاگ بولنے پر شوکاز نوٹس مل گیا۔ معروف ڈائیلاگ ”سوجا بیٹا ورنہ گبر آجائیگا“ بولنا افسر کو مہنگا پڑ گیا ۔
واضح رہے کہ انٹرنیٹ کے دور میں کوئی عمل انجام دینا بعض دفعہ آسانی کا باعث بنتا ہے اور لوگوں کی جانب سے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تو کبھی انٹرنیٹ مشکلات وپریشانیوں میں مبتلا کردیتا ہے۔ایسا ہی کچھ بھارتی پولیس افسر کے ساتھ ہوا جسے بالی ووڈ کی مشہور زمانہ فلم ”شعلے“ میں ولن کا کردار ادا کرنے والے امجد خان کا معروف ڈائیلاگ ”سوجا بیٹے ورنہ گبر آجائے گا“ جیسا جملہ دوران ڈیوٹی ادا کرنا مہنگا پڑگیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارت کے علاقے بھوپال کے ضلع جابوا کے کلیان پورہ پولیس اسٹیشن کے انچارج دوران ڈیوٹی گاڑی پر نصب مائیک کے ذریعے کہہ رہا تھا کہ”کلیان پور سے 50 کلومیٹر کی دوری پر جب بھی کوئی بچہ روتا ہے تو ماں کہتی ہے کہ چپ ہو جا بیٹا نہیں تو ڈانگی آجائے گا“
پولیس افسر کے ایل ڈانگی کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تو پولیس کے اعلیٰ حکام نے کے ایل ڈانگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈائیلاگ باز افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ یاد رہے کہ اداکار امجد خان کا فلم ’شعلے ‘ کا یہ ڈائیلاگ انکی پہچان بن گیا تھا، فلم شعلے 1975 ریلیز ہوئی تھی اور اس نے سابقہ فلموں کے ریکارڈ توڑ دیئے تھے، اداکار امجد خان نے اپنے20 سالہ کیرئیر میں 130 سے زائد فلموں میں اپنے جوہر دکھائے ۔