(قذافی بٹ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس بلایا گیا، اسلم اقبال کا کہنا ہے، کہ زمین میں چھپے خزانوں کو استعمال میں لاکر کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق: صوبائی وزیر کی زیرصدارت اجلاس میں محکمہ معدنیات کی کارکردگی، تنظیمی ڈھانچے،زیر زمین معدنیات کے تخمینے و تلاش، سائٹس کے لیز کے امور کا جائزہ لیا گیا- میاں اسلم اقبال نے کہا کے پاکستان کی مٹی بھی سونا ہے اس میں معدنیات کے بے بہا ذخائر چھپے ہیں ،جنہیں تلاش کر نے بارے اخراجات کا اندازہ لگایا جا ئے گا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیراسلم اقبال نے کہا ہے کہ ، پنجاب معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے،یہ وہ دولت ہے جو خداوند کریم نے صرف پاکستان کو عطا کی ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ ،یہاں کی مٹی اناج، پھلوںسے لیکر تیل ، گیس، سونے اور معدنیات تک سے مالا مال ہے ۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زیر زمین معدنیات کے درست تخمینہ لگانے اور ریسورس میپنگ کی ضرورت ہے- انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات کو روایتی طریقوں سے ہٹ کر عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کرنا ہوگا، جو معدنیات زیر زمین موجودہیں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان کے ذخائر سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کیلئے موثر حکمت عملی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ کل محکمہ معدنیات اپنا ریونیو بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کرے۔