لاہور پارکنگ کمپنی کروڑوں کی مقروض نکلی

20 Nov, 2018 | 09:46 PM

Shazia Bashir

میٹروپولیٹن کارپوریشن اور لاہور پارکنگ کمپنی کے مالی امور میں توازن نہ لایا جاسکا، لاہور پارکنگ کمپنی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی پارکنگ سائٹس سے کروڑوں کمانے کے باوجود میٹروپولیٹن کارپوریشن کا شیئر ادانہ کرسکی۔

سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والےدستاویزات کے مطابق لاہور پارکنگ کمپنی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی34 کروڑ 25لاکھ 50 ہزار کی مقروض نکلی۔ 2012 کے معاہدے کے مطابق پارکنگ کمپنی آمدنی کا75 فیصد شیئر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اکاؤنٹ میں جمع کرانےکی پابند ہے۔جون 2018 میں پارکنگ کمپنی نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو 1کروڑ83لاکھ 77ہزار روپےادا کیے جبکہ صرف رواں مالی سال میں میٹروپولیٹن کارپوریشن نے7 کروڑ کا ٹارگٹ رکھا تھا۔

معاہدے کے مطابق لاہور پارکنگ کمپنی نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اکاؤنٹ میں 52 کروڑ میں سے صرف 18 کروڑ روپے کی رقم ادا کی، یوں طے شدہ معاہدے کے مطابق بھی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو 34 کروڑ سے زائد کی رقم نہ ملی سکی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور پارکنگ کمپنی میں لڑائی شدت اختیار کر گئی ہے۔

موجودہ صورتحال میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 224 پارکنگ اسٹینڈز کو لاہور پارکنگ کمپنی آپریٹ کر رہی ہے اور خطیر ریونیو اکٹھا کرنے کے باوجود بھی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو مطلوبہ شیئر نہیں دیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں