قذافی بٹ: وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کے لئے ادارے نے کمشنر مقرر کیا ہے، قانون ساز اسمبلیوں میں بچوں پرتشدد کے حوالے سے قوانین میں موجود سقم دورکرنے چاہیئں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ بھی اب بچوں کے حقوق کے لئے کام کررہا ہے اور ان عوامل کا جائزہ لے رہا ہے جن کے باعث بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ہم نے عوامی نمائندوں کو اسمبلی میں قانون سازی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سے موجود قانون میں سقم دور ہونے چاہیئں۔
وفاقی محتسب نے بتایا کہ ان کے پاس گزشتہ سال مختلف سرکاری اداروں سے متعلق چوراسی ہزار کیسز آئے جن میں سے پچاس ہزار سے زائد بجلی اور پانچ ہزار سوئی گیس سے متعلق تھیں جن پر فیصلے سنائے گئے ہیں۔ وفاقی محتسب کا کہنا تھا کہ انکا ادارہ سرکاری اداروں سے متعلق ساٹھ دنوں میں شکایات کا فیصلہ سنانے کا پابند ہے۔