جنید ریاض: لاہور کے بارہ سو سکول میں نان سیلری بجٹ کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی، سکول سربراہان نان سیلری بجٹ کے حصول کیلئے خوار ہونے لگے، تعلیمی نظام ٹھپ ہوکر رہ گیا۔
تفصیلات کے مطابق نان سیلری بجٹ کی 3 اقساط سکولوں کو جاری ہونا باقی ہیں، دس ماہ سے سکول سربراہان اپنی جیب سے بجلی، پانی کے بل جمع کرانے پر مجبور ہیں، ایجوکیشن اتھارٹی نے گذشتہ ہفتے میں ایک قسط جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا، وعدوں کے باوجود سکولوں کو نان سیلری بجٹ کی مد میں ایک روپیہ بھی نہ جاری ہوسکا۔
پنجاب ٹیچرز یونین کے جنرل سیکرٹری رانا لیاقت کا کہنا ہے کہ این ایس بی نہ ملنے سے تعلیمی نظام ٹھپ ہے، فوری طور پر نان سیلری بجٹ جاری کیا جائے۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نان سیلری بجٹ تاخیر سے ملا جس کی وجہ سے فنڈز کی منتقلی میں تاخیر ہوئی، لیکن اب سکول سربراہان کے اکاؤنٹس میں منتقل کیا جارہا ہے۔