عثمان علیم: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے الحمرا میں نعت اور تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، صوبائی وزیر تعلیم مراد راس اور ڈپٹی کمشنر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق جہاں ایک جانب شہر میں عید میلاد النبیؐ کی تیاریاں عروج پر ہیں وہیں محکمہ سکول ایجوکیشن اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے الحمرا میں سرکاری سکولوں کے طلبہ کے مابین تقریری اور نعتیہ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبیؐ کو پورے مذہبی جوش و جذبے سے منایا جائے گا، نہ صرف جیتنے والے بلکہ مقابلوں میں شریک ہونے والے تمام طلبہ کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔
ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں عید میلاد البنیؐ کو بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منانے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، محکمہ سکول ایجوکیشن کی کاوش بھی قابل تحسین ہے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر تعلیم مراد راس اور ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔