(سٹی42) لاہور کے ماسٹر پلان 2040ء کی تیاری میں اہم پیشرفت، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے شعبہ پلاننگ نے تجاویز تیار کرلیں۔ نئے ماسٹر پلان کے نافذ العمل ہونے سے مکسڈ لینڈ ایریاز اور متعدد رہائشی ایریاز کی کروڑوں کی پراپرٹی اربوں کی ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے آمنہ عمران کی زیر صدارت جوہرٹاؤن، سرکاری محکموں، سوسائٹی کے نمائندگان کا اجلاس ہوا۔ جس میں لاہور کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی رانا ٹکا خان، عبدالشکور رانا، چیف ٹاؤن پلاننر ندیم اختر، چیف میٹرو پولیٹن اظہر علی، ڈائریکٹر سلمان محفوظ، عائشہ مطاہر،عثمان غنی شریک ہوئے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی ایل ڈی اے آمنہ نے کہا کہ لاہور کو ماحولیاتی آلودگی، پارکنگ اورغیر قانونی کمرشلائزیشن جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ نیا ماسٹر پلان مسائل سے نمٹنے میں مدد دے گا۔
علاوہ ازیں لاہور کے تمام زونز میں کمرشل، انڈسٹریل، رہائشی اور کھادر ایریاز کا ازسر نو تعین کردیا گیا ہے۔ راوی زون کے زیرکنٹرول سگیاں بائی باس اورپنڈی داس روڈ اوپن ایگریکلچر سے جنرل کمرشل جبکہ جیا موسیٰ روڈ، الرائے روڈگندا نالا کو رہائشی کیٹیگری سے جنرل کمرشل کیٹیگری میں تبدیل کرنےکی تجویز ہے۔ رنگ روڈ کو مکسڈ لینڈ کے استعمال سے انڈسٹریل ایریا میں تبدیل کرنے کی سفارشات تیار کی گئی ہیں جبکہ مصری شاہ رہائشی اور انڈسٹریل ایریا تھا اب مکمل طور پر انڈسٹریل ایریا ڈکلیئر کرنے کی تجویزتیار کی گئی۔
کھوکھر روڈ، بیگم کوٹ روڈ کو رہائشی سے جنرل کمرشل جبکہ شاہدرہ ٹاؤن مین بازار کو رہائشی سے کمرشل کرنے کی تجویز تیارکی گئی ہے۔ واہگہ زون کے زیر کنٹرول جی ٹی روڈ کو اوپن ایگری کلچر سے کمرشل جبکہ موضع لکھو ڈیر کومیڈیم انڈسٹری سے انڈسٹریل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔شالامار زون کے زیر کنٹرول رام گڑھ بازار، سوامی نگر بازار، سنگھ پورہ روڈ، کالج روڈ، کشمیر روڈ کو رہائشی سے کمرشل کرنے کی تجویز ہے۔ علامہ اقبال زون کے زیر کنٹر ایریاز میں مین ملتان روڈ کو لائٹ میڈیم انڈسٹری سے انڈسٹریل اور بائی پاس روڈ رائیونڈ ٹو کوٹ رادھا کشن کو اوپن ایگریکلچر سے انڈسٹریل کرنے تجویز کے ساتھ ساتھ، صوئے آصل روڈ کو اوپن ایگری کلچر سے انڈسٹریل ایریا میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے۔
اسی طرح عزیز بھٹی زون کے زیر کنٹرول ضرار شہید روڑ، مین بازار غازی آباد، انفینٹری روڈ اور دھرم پورہ، بہار شاہ روڈ، مین بازار تاج پورہ کو رہائشی سے کمرشل کرنے کی تجویز ہے۔ جبکہ برکی روڈ کو اوپن ایگریکلچر سے کمرشل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ نشتر زون کے زیر کنٹرول ایریا رائے ونڈ روڈ کو مکسڈ لینڈ سے انڈسٹریل میں تبدیل کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔ سمن آباد زون کے زیر کنٹرول ایریا میں ایل او ایس روڈ، شمع روڑ، خدا بخش روڈ، نیو شالیمار، مین بازار نوناریاں ، کلیار روڑ، ندیم شہید روڈ کو رہائشی سے کمرشل کرنے کی تجویز ہے۔
گلبرگ زون میں علامہ اقبال روڈ، پیپسی فیکٹری روڈ، کشمیر روڈ، سینٹرل پارک مین بازار، مین بازار مغلپورہ کو رہاشی سے کمرشل کرنے کی تجاویز ہے۔ داتا گنج بخش زون کے زیر کنٹرول ایریا بند روڈ کو مکسڈ لینڈ سے انڈسٹریل کرنے جبکہ کھادر ایریا کو رہائشی اور سیروتفریح ایریاز میں تبدیل کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شعبہ پلاننگ نے نو زونز کے کنٹرول ایریاز کی اہم شاہراہوں کے استعمال کی کیٹیگری کو حتمی تجاویز تیار کر کے ایل ڈی اے کو ارسال کردی ہیں۔