ملک کےبیشتر حصوں میں موسم خشک ،جنوبی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان

20 May, 2024 | 07:20 PM

روزینہ علی : آج رات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ وسطی اورجنوبی علاقوں میں جھکڑ ، گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں ،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں 21 سے 23 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ اور 23 سے 27 مئی کے دوران 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 21 سے 27 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سبی 48،بہاولنگر، بھکر، کوٹ ادو، موہنجو دہڑو، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد 47،سکرنڈ، بہاولپور،ڈیرہ غازی خان، جھنگ، خانیوال اور لاڑکانہ میں 46ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

منگل  کے روز موسم کی صورتحال  

منگل  کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔تاہم بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں، جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم سوات، مالاکنڈ اور کوہستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کے علاوہ بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں /جھکڑ چلنے کا امکان ہے، مری ،گلیات اور گردو نواح میں موسم خشک رہے گا۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدیدگرم اور خشک ر ہنے کے علاوہ بعداز دوپہر گرد آلود ہوائیں /جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ اسکے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہے گا۔

مزیدخبریں