اویس کیانی : وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے آج ترکیہ کے وزیرِ خارجہ عزت مآب ہقان فدان کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی.
پاکستان اور ترکیہ کے مابین خصوصی اہمیت کے حامل برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دونون ممالک کے مابین باہمی تعلقات کے فروغ پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا. وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں پاکستان کی جانب سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا.
وزیرِ اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کاحجم بہترین باہمی تعلقات سے ہم آہنگ نہیں. وزیرِ اعظم نے آئندہ تین برس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے حجم کو 5 ارب ڈالر سالانہ کی سطح پر لانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا.
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی دعوت دی. انہوں نے کہا کہ ہم ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی صنعتوں کو منتقل کرنے کیلئے دعوت دے رہے ہیں.
ملاقات میں عالمی و علاقائی حالات بالخصوص غزہ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی ملاقات میں گفتگو ہوئی. وزیرِ اعظم نے ترک صدر عزت مآب رجب طیب اردوان کی مشرق وسطی میں پائیدار امن کے قیام کیلئے غزہ میں مکمل جنگ بندی کی حمایت کی بھی تعریف کی.
وزیرِ اعظم نے مشرقِ وسطی میں مستقل امن کیلئے دو ریاستی حل کی کلیدی اہمیت پر زور دیا، ساتھ ہی انہوں نے ترک صدر عزت مآب رجب طیب اردوان کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی. وزیر اعظم نے ترک صدر کو ہائی لیول اسٹریٹجک کواپریشن کونسل کے 7 وین اعلی سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت کا پیغام بھی دیا.
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کی قومی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کے عزم کا اظہار کیا.