ویب ڈیسک: ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے،25 ارکان پنجاب اسمبلی ڈی سیٹ ہوئے ہیں، پشاور میں اپنی پارٹی کی کور کمیٹی سے مشاورت کے بعد اسلام آباد مارچ کی تاریخ پرسوں دوں گا۔ سب اپنی تیاری مکمل کر لیں آپ کو وقت مل گیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ بلٹ پروف شیشہ لگاو لیکن موت کا ڈر انسان کو چھوٹا کر دیتا ہے اور عزت و ذلت اللہ دینے والا ہے۔ میری قوم کسی سپر پاور، چور اور ڈاکووں کے سامنے نہیں جھکی اور جنہوں نے سپر پاور کے آگے گھٹنے ٹیک کرہماری آزادی کھوئی جبکہ میں نے دعا کی تھی جب مجھے موقع ملے اپنی قوم کو کبھی جھکنے نہیں دوں گا اور ہمیشہ دعا مانگی میری قوم جاگ جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن کی کوئی حیثیت نہیں تھی انہوں نے دنیا کی امامت کی اور آج تک کسی فوجی نے کوئی تمغے نہیں لیے جو موت سے ڈرتا ہو اور جو کرکٹر ہار سے ڈرتا ہے اسے کرکٹ چھوڑ دینی چاہیے جبکہ تیز بولر سے خوف کھانے والا اچھا بلے باز نہیں بنتا۔
عمران خان نے کہا 30سال سے اس ملک کو لوٹنے والوں نے سازش کی ملک لوٹنے والوں نے کوشش کی کہ میں انہیں این آر او دوں لیکن میں نے ایسا نہیں کیا جبکہ مشرف نے ان کی11سالہ کرپشن کو معاف کیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا ملک کی اشرافیہ امریکی دھمکی سے ڈر گئے لیکن اس قوم کو کسی سے معافی کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ خود دار قوم ہے اور 22کروڑ عوام کے منتخب کردہ وزیراعظم کو سازش سے ہٹادیا تاہم کہتے ہیں شہبازشریف صبح7بجے جاگ جاتا ہے لیکن شہباز شریف میرا مالی صبح 6 بجے جاگ جاتا ہے اور ایسی صبح جاگنے سے کیا فائدہ جب ڈالر 200 روپے سے زیادہ ہو گیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب آپ کو حکومت ملی ہے تو بتائیں ملک کیوں نہیں سنبھل رہا اور کبھی لندن میں بیٹھا سزا یافتہ شخص فیصلہ کرتا ہے اور کبھی یہ آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں تاہم ملک کو مقروض کرنے والے مسائل حل نہیں کر سکتے اور جو ترقی3سال میں ہوئی ان کے پورے 30سال میں نہیں ہوئی اور کسانوں کو ان کی پیدوار کی جو قیمت ملی ہے وہ کبھی نہیں ملی جبکہ ملک تب آگے بڑھتا ہے جب اس کی انڈسٹری ترقی کرے تاہم جتنی دیر یہ اقتدار میں رہیں گے یہ ذلیل ہوں گے اور جنہوں نے سازش کر کے ان کو لے آئے وہ بھی ذلیل ہوں گے جبکہ جتنی دیر یہ چلیں گے ملک کو سری لنکا بنا دینگے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہا کہ اتنا زیادہ مریم اور ان کے خاندان کو مجھ سے غصہ کیوں ہے؟ کیونکہ میں نے ان کے کیسز معاف اور ان پر زیادہ تر ہمارے دور سے پہلے کے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ گزشتہ روز مجھے کسی نے مریم نواز کے خطاب کا کلپ بھیجا جس میں اس نے بار بار اتنے جذبے اور جنون سے میرا نام لیا، میں مریم سے کہنا چاہتا ہوں مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو کہیں تمھارا خاوند ہی نہ ناراض ہو جائے جس طرح تم میرا نام لیتی ہو۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملتان اب بات سیاست سے اوپر چلی گئی ہے جبکہ یہ و ہ انقلاب ہے جو پاکستانیوں کو ایک قوم بنا رہا ہے اور ایک امریکی افسر کی کیا جرات ہے کہ وہ 22کروڑ پاکستانیوں کے وزیراعظم کو دھمکی دیں،اس نے کہا اگر عمران خان کو نہیں ہٹایا گیا تو تمہیں معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں کہتا ہوں تم ہو کون جو معاف کرنے یا نہ کرنے والے،ہم اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکتے تم ہو کون ہمیں دھمکی دینے والے؟
سابق وزیراعظم نے کہا کہ روس 3 فیصد کم قیمت پر گندم اور فضل الرحمان بیچنے پر تیار تھا، امریکا نے ہندوستان کو کہا کہ روس سے تیل نہ خریدو، ہندوستان کی غیرت مند خارجہ پالیسی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے پاس چیری بلاسم بوٹ پالیشے ہیں، امریکا کو دیکھتے ہی ان کی کانپیں ٹانگنی شروع ہو جاتی ہیں، امریکا کی جنگ میں شرکت کر کےہم نے80ہزار پاکستانیوں کی قربانی دی، کیا امریکا نے پاکستان کو شکریہ بھی کہا ؟
مزید کہا کہ 40لاکھ لوگ سوات سے نقل مکانی کر گئے، ہمارے اس وقت کے سربراہ نے گھٹنے ٹیک دیئے اور پاکستان کو نقصان پہنچایا، ہمیں کہتے ہیں روس اور یوکرین کی جنگ ہے مذمت کریں ، ہم کیوں مذمت کریں یہ ہماری جنگ نہیں ہے، کشمیر میں ہندوستان جو کچھ کررہا ہے کبھی آپ نے مذمت کی، کیا فلسطینیوں کےخلاف اسرائیلی کارروائیوں کی کبھی آپ نے مذمت کی،کیا ہم آپ کے غلام ہیں؟
عمران خان نے کہا کہ زرداری اور نوازشریف کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں، انہیں پتہ ہے اگر انہوں نے امریکا کو کچھ کہا تو ان کی جائیدادیں ضبط ہو جائیں گی،یہ پیسے کے پجاری ان کے غلام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں400 ڈرون حملے ہوئے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، نوازشریف اور زرداری نے ڈرون حملوں پر ایک بار بھی مذمت نہیں کی، کیا آپ اپنے ملک میں یا کسی دوسرے یورپی ملک میں ڈرون حملہ کرینگے،اس ملک کا سب سے بڑا دہشت گرد بانی متحدہ لندن میں بیٹھتا ہے۔
مزید کہا کہ وہ کہتے ہیں آئیں ہماری عدالتوں میں ثابت کریں ،400 ہزار میل دور بیٹھ کر بٹن دباتا تھااور قبائلی علاقوں میں لوگ مرتے تھے،ہم نے ان چوروں اور امریکی غلاموں کو کسی صورت ملک کا سربراہ نہیں رہنے دینا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اتنی ڈرپوک حکومت ہے جو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت نہیں بڑھا پا رہی، سات بجے جاگنے سے کیا فرق پڑتا ہے، میرا مالی ساڈھے چھ بجے جاگتا ہے، ان کے آنے سے ڈالر 200 تک پہنچ چکا ہے۔حمزہ شہباز جب سے وزیراعلیٰ پنجاب بنا ہے مرغی کی قیمت ہی بڑھ گئی ہے۔
جلسے سے قبل اپنے بیان میں عمران خان نے کہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ تک انسانوں کا سمندر اسلام آباد سے نہیں جائے گا، ہم امپورٹڈ حکومت نہیں جلد الیکشن چاہتے ہیں، اسلام آباد مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے۔
گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتخابات کے ذریعے تبدیلی چاہتے ہیں اور جب تک ہمیں شفاف انتخابات کی تاریخ نہیں ملے گی ہم اسلام آباد سے جانے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ میں سب سے بڑا انسانی سمندر اسلام آباد آنے والا ہے اور اسلام آباد مارچ سے پہلے ملتان کا جلسہ آخری ہے اور اسلام آباد مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے۔ لوگ اسلام آباد مارچ کے لیے جوش اور توانائی بچائیں۔
عمران خان نے کہا کہ اپنی قوم کو دوسروں کے لیے قربان نہیں کیا جاسکتا اور ہم امپورٹڈ حکومت نہیں بلکہ جلد الیکشن چاہتے ہیں۔