اردن کے شاہ عبداللہ نے چھوٹے بھائی کو نظر بند کردیا

20 May, 2022 | 03:30 PM

ویب ڈیسک : اردن کے شاہ عبداللہ نے اپنے سوتیلے بھائی کو گھر میں نظربند کر دیا ہے اور ان کے رابطوں اور نقل و حرکت پر پابندی لگا دی ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک خط  کے ذریعے دئیے گئے بیان میں  شاہ عبداللہ نے کہا کہ وہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنے مفادات کو قوم کے مفادات پر ترجیح دے۔خط کے مطابق ایسی اجازت میرے بھائی کو نہیں کہ وہ ہماری قوم کے امن میں خلل ڈالیں ہمارے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ حمزہ کی منتشر خواہشات اور رویے سے نمٹتے رہیں۔ ہمارے سامنے اور بھی بہت سی مشکلات اور چیلنجز پڑے ہیں۔ ہم سب کو چاہیے کہ ہم ان پر قابو پائیں اور اپنے عوام کی خواہشات پر پورا اتریں اور ان کو باعزت اور مستحکم زندگی گزارنے کا موقع دیں۔شاہ عبداللہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ قدم انہوں نے شاہی خاندان کے قوانین کی تحت تشکیل دی گئی کونسل کی ہدایت پر اٹھایا ہے۔
گزشتہ برس اردن کے حکام نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنایا ہے۔دو سابق سیاسی عہدیداروں کو شہزادہ حمزہ کی حمایت میں شاہ عبداللہ کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش میں مجرم قرار دیتے ہوئے 15 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
 سابق ولی عہد نے پچھلے ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ شہزادے کے لقب سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ اس کے ایک ماہ بعد شاہی عدالت کی جانب سے بیان سامنے آیا کہ انہوں نے بغاوت کی کوشش پر بادشاہ سے معافی مانگ لی ہے۔

مزیدخبریں