لاہور ہائیکورٹ نے لیسکو کو سٹیل سیکٹر سے بقایاجات کی وصولی سے روک دیا

20 May, 2021 | 12:42 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے لیسکو کو سٹیل سیکٹر سے بقایاجات کی وصول کرنے سے تاحکم ثانی روکتے ہوئے لیسکو اور ایف بی آر کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا، جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے حکومت چھوٹ دینے کے بعد کیسے واپس لے سکتی ہے؟

مغل سٹیل اور دیگر نے لیسکو کی جانب سے سٹیل سیکٹر سے جنرل سیلز ٹیکس کے بقایاجات کی وصولی کا اقدام چیلنج کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے محسن ورک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ لیسکو غیر قانونی طور پر سٹیل سیکٹر سے جولائی 2007ء سے جون 2019ء کے بقایاجات وصول کر رہا ہے، اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔

 جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیئے کہ حکومت اور ایف بی آر بین الاقوامی دباؤ کے بغیر اپنے آئین اور قانون کے تحت کام کریں، ٹیکس دینے والے ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان سے ناانصافی نہ کی جائے۔

  لیسکو وکیل نے کہا کہ قانونی طور پر بقایاجات کی وصولی کی جارہی ہے۔ جسٹس جواد حسن نے مزید ریمارکس دیئے کہ آئین کے تحت ہر انڈسٹری کا حق ہے کہ وہ بزنس کرے، ٹیکس وصولی کا مناسب طریقہ کار ہونا چاہیے، ٹیکس لگانے اور چھوٹ کے حوالے سے اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں، ان کو مدنظر بھی رکھا جانا چاہیے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے لیسکو اور ایف بی آر سے جواب طلب کرلیا۔

مزیدخبریں