بیوروکریسی نے گورنر پنجاب کا شکوہ دور کردیا

20 May, 2020 | 11:20 AM

Sughra Afzal

لوئر مال(علی اکبر) پنجاب کی بیوروکریسی نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا شکوہ دور کردیا،رواں مالی سال کے اختتام پر پنجاب کی بیوروکریسی نے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی پر بنائی گئی آب پاک اتھارٹی کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

محکمہ پی اینڈ ڈی بورڈ   کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ نے کی، اجلاس میں بورڈ نے متفقہ رائے کے بعد تمام اعتراضات کو دور کرکے منصوبے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔

ذرائع کا کہناہے کہ محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے پی اینڈ ڈی بورڈ کو آب پاک اتھارٹی کے منصوبے کا پی سی ون ارسال کیا گیا تھا اور پی اینڈ ڈی بورڈ نے آب پاک اتھارٹی پر متعدد اعتراضات اٹھائے تھے، اعتراضات اٹھانے اور منصوبے کی تاخیر پر گورنر پنجاب نےناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

 ذرائع کا کہنا تھاکہ اب اس منصوبے کا آغازآئندہ مالی سال میں ہوگا اور اس منصوبے کے تحت چھ سو سے زائد نئی بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ 13 مئی کو گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پنجاب آب پاک اتھارٹی میں رکاوٹیں ڈالنے والے بیوروکریسی کے افسران کو آخری مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یہ رکاوٹیں ختم نہ ہوئیں تو اگلے ہفتے رکاوٹیں ڈالنے والے ایک ایک افسرکو قوم کے سامنے بے نقاب کر وں گا۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا تھا  کہ بیوروکریسی کی چند بھیڑیں سمجھتی ہیں اگر گندہ پانی پینے کی وجہ سے غریبوں کے بچے مر رہے ہیں تو مر جائیں،  پنجاب آب پاک اتھارٹی کو چلنے نہیں دینا، انکو کوئی خوف خدا نہیں، بیورو کریسی کی چند کالی بھیڑوں کی وجہ سے ہمارے تقریبا 2سال ضائع ہوچکے ہیں،میں انشاء اللہ قیامت کے روز بیوروکریسی کے ان لوگوں کے گریبان پکڑکر ان سے رکاوٹوں کا حساب لوں گا۔

مزیدخبریں