کم آمدن ہاؤسنگ سکیم کیلئے ایل ڈی اے کے رولز تیار

20 May, 2020 | 10:34 AM

Sughra Afzal

گلبرگ(علی اکبر) کم آمدن ہاؤسنگ سکیم کیلئے ایل ڈی اے کے رولز تیار، پلاٹ کا کم ازکم رقبہ 10  اور اپارٹمنٹ کا 3 مرلے ہو گا جبکہ اپارٹمنٹس کابلاک  60 فٹ بلند اور پانچ منزلوں پر  مشتمل بنے گا۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ایل ڈی اے رولزکا اجلاس ہوا، اس موقع پر کم آمدن ہاؤسنگ سکیموں کیلئے ایل ڈی اے کے موجودہ رولز میں ترامیم پر ایل ڈی اے افسران نے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہاؤسنگ سکیم زیادہ سے زیادہ 100 کنال کی ہوگی، پلاٹ کا کم ازکم رقبہ 10 مرلہ اور اپارٹمنٹ کا 3 مرلہ ہو گا جبکہ اپارٹمنٹس کا ہر بلاک زیادہ سے زیادہ 60 فٹ بلند اور پانچ منزلوں پر مشتمل ہو گا، اس طرح سکیم کے اندر مین روڈ کی چوڑائی 60 فٹ جبکہ گلی کی چوڑائی 20 فٹ رکھی جائے گی، جبکہ ہر سوسائٹی میں 5 فیصد اراضی اوپن سپیس اور 2 فیصد پارکنگ کیلئے مختص ہوگی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہر سکیم کا کم ازکم تین فیصد رقبہ سرکاری عمارتوں مثلاً سکول، ہسپتال اور انتظامی دفاتر کے لئے مختص کرنے کی تجویز منظور کی گئی ہے۔ چار پانچ سکیموں کیلئے 5 کلومیٹرکے دائرے میں مشترکہ قبرستان بنانے کی تجویزسے اتفاق کیا گیا جبکہ سکیم کیلئے نجی اراضی ایکوائر کرنے کی صورت میں مالک کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دینے کی ترمیم منظور کر لی گئی ہے۔

دوسری جانب ایل ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریازغیر قانونی تعمیرات کا جنگل بن گئے ہیں، سزا اور جزا کے نظام پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے سے ٹاؤن پلاننگ کے کرپٹ افسران اور مافیا کو چھوٹ مل گئی۔شہر میں متعدد عمارتوں نے گھروں کے نقشے پاس کروا کر کمرشل تعمیر اور استعمال شروع کردیا ہے، لاہور کینال، رائیونڈ متبادل روڈ، پائین ایونیو، اولڈ ڈیفنس روڈ، ٹاؤن شپ، کالج روڈ میں تعمیرات کی گئیں۔

مزیدخبریں