پنجاب میں 486 پولیس اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق

20 May, 2020 | 01:19 PM

Sughra Afzal

بینک روڈ (علی ساہی) دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس لاہور سمیت پنجاب بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے، لاہور میں کورونا سے مزید 5 شہری جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 102 ہوگئی، جبکہ 503 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 8115 ہوگئی، پنجاب میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹوں کے نتیجے میں 15976 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، مجموعی اموات بڑھ کر 273 ہوگئیں۔

  کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پرلڑنے والی پنجاب پولیس بھی کورونا کی زد میں آگئی، پنجاب بھر میں 486 پولیس اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، 40 فیصد کروائے گئے ٹیسٹوں کے نتائج کا انتظار ہے۔ کورونا کے باعث لاہور پولیس کے 2 اہلکارشہید بھی ہوچکے ہیں، کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت نے وزیراعلیٰ پنجاب کو عید کے بعد مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی کے مطابق متاثرہ ملازمین میں 146 اہلکار صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ 340 مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، سب سے زیادہ کورونا سے لاہور کے 141 اہلکار متاثر ہوئے ہیں، ملازمین کے روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں۔

کورونا وائرس کےشکار پہلے پولیس ملازم سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ وہ 27دن زیرعلاج رہا اور وہاں پر متعلقہ ملازمین و افسران نے بہت ساتھ دیاجبکہ صحتیاب ہونے کے بعد افسران نے چھٹی کے لیے کہا لیکن اس نے ڈیوٹی کوترجیح دی ہے۔

یاد رہےکہ24 مارچ سے  کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں  لاک ڈاؤن نافذ ہے،جس میں اب عید کے پیش نظر نرمی کردی گئی، دکانیں ، مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز کھل گئے، ٹرین سروس بھی بحال کردی گئی تاہم تعلیمی ادارے ، شادی ہالز، سینما گھر اور  تفریحی پارکس تاحال بند ہیں۔

مزیدخبریں