ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

"سیاسی نوازشات کا دور ختم، بورڈ اور کمیٹیوں میں صرف پروفیشنلز آئیں گے"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سرادر عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ سیاسی نوازشات کا دور ختم ہوا،اب  بورڈ اور کمیٹیوں میں صرف پروفیشنلز آئیں گے، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا بورڈ از سر نو تشکیل دینے کا جائزہ لے رہے ہیں، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن میں طلبہ کی مانیٹرنگ کا فول پروف نظام وضع کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گڈ گورننس کیلئے پروفیشنلز کو سامنے لانا ہوگا، عوام کی خدمت کیلئے پارٹی کی تجاویز اور سفارشات کا خیرمقدم کریں گے، لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں، کارکن ساتھ دیں۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں عوامی نمائندگان کو فہرستیں فراہم کرکے انصاف امداد پروگرام کی ری چیکنگ کی جائے گی، صوبے میں انصاف امداد پروگرام کے ذریعے تقریباً 3 کروڑ افراد مستفید ہوں گے، وزیراعلیٰ پنجاب نے سینئر پارٹی رہنماؤں کی تجاویز اور سفارشات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، سینئر نائب صدر ارشد داد، صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، ڈاکٹر مراد راس، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر فاروق، صوبائی سیکرٹری برائے گڈ گورننس اعجاز مہناس، وزیراعلیٰ شکایت سیل کے سربراہ زبیر نیازی، سوشل میڈیا کے سربراہ ڈاکٹر کامران اور سلمان امجد شامل تھے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کی ویب سائٹ بھی لانچ کی۔

وزیراعلیٰ  پنجاب  کی موجودگی میں ''ایکسکویٹر''کے ذریعے کھدائی شروع کرکے منصوبے کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ جوہر ٹاؤن لاہور میں انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت پہلی لوکل گورنمنٹ اکیڈمی ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مالی اشتراک سے تعمیر کی جائے گی۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے ہاسٹل/ریذیڈنشل بلاک میں 55 افراد کے قیام و طعام کا انتظام ہوگا،پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے تعمیر کے دوران ماحولیاتی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئر کوالٹی ٹیسٹ، وائس لیول ٹیسٹ اور دیگر امور کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی میں ریسرچ کیلئے جدید ترین سہولیات بھی میسر ہوں گی، پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی میں پبلک ایڈرس، وائس سسٹم، ویڈیو کانفرنس سسٹم اور سولر سسٹم بھی نصب کیے جائیں گے، لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کی جدید بلڈنگ کی تعمیر میں ڈے لائٹ اور شمسی توانائی کے ذریعے بجلی بچائی جائے گی۔

Sughra Afzal

Content Writer