ایبٹ روڈ (زین مدنی )اداکارہ مہوش حیات نے ترکی کے ڈرامے” ارطغرل غازی“ کی مخالفت کرنے والوں کو ذرا منفرد انداز میں کچھ سمجھانے کی کوشش کی ہے۔
پاکستان میں اس ڈرامے کی مقبولیت انتہاءکو چھورہی ہے لیکن شوبزانڈسٹری میں جہاں بیشتر ستارے اسے پسند کررہے ہیں وہیں شان، ریما، یاسرحسین سمیت کئی نے اسے نشر کرنے کی مخالفت بھی کی۔ان کا موقف ہے کہ بیرونی پروڈکشنز دکھانے کے بجائے اپنی چیزوں کو پروموٹ کریں۔
نجی چینل پر رمضان ٹرانسمیشن میں میزبانی کے فرائض سر انجام دینے والی ریما خان کا ’ ارطغرل غازی‘ کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ دوسرے ممالک کے ڈرامے نشر کرنے سے مقامی فنکاروں اور تخلیق کاروں کی مقبولیت کے ساتھ ساتھ ان کے کام کو بھی خطرہ ہے۔
معروف فنکار شان شاہد نے کچھ دن قبل ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ انہیں علم ہے کہ جب حالیہ معاشی بحران میں ہم بیرون ممالک کی چیزیں امپورٹ نہیں کر پا رہے تو پھر ہمارا ریاستی ٹی وی پی ٹی وی کیوں بیرون ممالک کے ڈرامے دکھا رہا ہے؟ پی ٹی وی کو عوام کے ٹیکس اور پیسے سے چلایا جاتا ہے اور اس پر بیرون ممالک کا مواد نشر کرنے کے بجائے اپنے ملک کا بنایا ہوا مواد نشر کیا جانا چاہیے۔
ایسے میں مہوش حیات نے اس معاملے کو سمجھ سے باہر قرار دیتے ہوئے اپنے موقف کا اظہار کیا۔اداکارہ نے ٹوئٹر پر لکھا میں نہیں جانتی کہ یہ کیا الجھن ہے؟ ارطغرل جیسا ہے اسے ویساہی قبول کریں، ایک تعلیمی ڈرامہ سیریز جس کی تاریخی اہمیت ہے اور اس میں بڑے اخلاقی اسباق ہیں۔
I don’t know what the fuss is all abt? At the end of the day lets accept Dirilis #Ertugrul for wht it is; an educational drama series which has historical significance & gr8 moral lessons.I think Engin Altan Düzyatan is pretty hot. A bit like Leonardo Di Caprio no?#crushupdated♥
— Mehwish Hayat TI (@MehwishHayat) May 18, 2020
پوسٹ میں مہوش نے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار اینجن التان کو نہایت پرکشش قرار دیتے ہوئے انہیں کسی حد تک شہرہ آفاق ہالی ووڈ فلم“ٹائی ٹینک”کے ہیرو لیونارڈو ڈائی کیپریو جیسا قرار دے ڈالا۔ مہوش نے ترک اداکار کے لئے اپنی پسندیدگی مزید واضح کرتے ہوئے ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا کرش اپ ڈیٹڈ۔