صدر مملکت کی پاکستان میں جاپان اور یمن کے سفیروں سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا

20 Mar, 2024 | 07:25 PM

ویب ڈیسک :  صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔  

صدر آصف علی زرداری سے آج پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا کی ملاقات ہوئی۔جاپانی سفیر نے صدر مملکت کو دوسری بار صدر بننے پر مبارکباد پیش کی۔ جاپانی سفیر نے آصف علی زرداری کو جاپانی شہنشاہ ناروہیٹو کی جانب سے تہنیتی پیغام بھی دیا۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعلقات بڑھانا ہوں گے ، پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے ، جاپانی کاروباری ادارے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ پاکستان اور جاپان کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں۔ جاپان پاکستان کا کلیدی ترقیاتی پارٹنر رہا ہے۔ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی  (جائیکا) کے تحت مختلف شعبوں میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت کر رہا ہے۔ 

 آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے ایک بڑا ملک ہے ، پاکستان تربیت یافتہ افرادی قوت بھیج کر جاپان کی انسانی وسائل کی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔ جاپانی آٹوموبائل کمپنیاں پاکستان سے اپنی مصنوعات برآمد کرنے کیلئے پیداوار بڑھائیں۔ جاپانی بینکوں کی پاکستان واپسی، کام شروع کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے ۔ 

ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان کے موجودہ سماجی و اقتصادی چیلنجز  پر قابو پانے کے عزم کا  بھی اعادہ کیا۔ 

جاپانی سفیر  نے کہا کہ پاکستان ایک سٹریٹجک محل وقوع اور بہت بڑی آبادی کا حامل ملک ہے۔ جاپانی سفیر نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا، کہا کہ پاکستانی آم کی جاپان کو  برآمد ات میں اضافہ ہوا ہے۔ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جاپان کا کامیاب دورہ کیا ، پاکستان کی نوجوان نسل ملک کو خوشحال بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ 

صدر مملکت کی یمن کے سفیر سے ملاقات؛ 

بعد ازاں ، پاکستان میں یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی کی بھی صدر مملکت سے ملاقات ہوئی، جنہوں نے عہدہ سنبھالنے پر آصف علی زرداری کو مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے مبارکباد دینے پر یمن کے سفیر کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان -یمن تعلقات مذہب، ثقافت اور اقدار کے مشترکہ رشتوں پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

مزیدخبریں