باپ سے خرچہ دلایا جائے، ریٹائرڈ ایڈیشنل سیکرٹری فنانس کی بیٹیاں عدالت پہنچ گئیں

20 Mar, 2023 | 06:20 PM

Bilal Arshad

ملک اشرف: ریٹائرڈ ایڈیشنل سیکرٹری فنانس طارق محمد مرزا کی بیٹیاں باپ سے خرچہ نہ ملنے پر لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئیں۔ 

تفصیلات کے مطابق ریٹائرڈ ایڈیشنل سیکرٹری فنانس طارق محمد مرزا کی بیٹیاں 20 سال سے خرچے سے محروم ہیں، خرچہ کی رقم 65 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ درخواستگزار لڑکیاں سول کورٹ کی ڈگری کے باوجود باپ سے خرچہ نہ ملنے پر لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئیں۔

جسٹس عابد عزیز شیخ نے ولیحہ طارق اور اجوریا طارق کی درخواست پر  سماعت کی، درخواستگزاروں کے وکیل راجہ عبدالرحمٰن نےعدالت کو بتایا کہ سول کورٹ نے باپ کو بیٹیوں کو خرچہ دینے کی ڈگری جاری کی، تاہم اس پر تاحال عمل نہ ہوسکا۔ طارق محمد مرزا وسائل ہونے کے باوجود خرچہ ادا نہیں کررہا، تاخیری حربے استعمال کررہا ہے۔ عدالت سے سول کورٹ کی ڈگری پر عملدرآمد کا حکم دینے کی استدعا کی گئی۔عدالت نے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے ماتحت عدالت کے آرڈرز کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کا حکم دے دیا۔

درخواستگزار ولیحہ طارق اور اجوریا طارق نے سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مہنگائی اور رمضان کی آمد کے پیش نظرپریشان ہیں۔بیٹیاں تورحمت ہوتی ہیں، لیکن عدالتوں کے چکر لگا رہی ہیں۔ باپ کےہوتے ہوئے لاوارثوں کی طرح زندگی گزار رہی ہیں۔ درخواست گزار لڑکیوں نے اعلی عدلیہ اورحکومتی ایوانوں سے بھی استدعا کی ہے کہ ان کے باپ سے خرچےکی رقم دلوانے کے لئے مثبت کردار کریں۔

واضح رہے کہ فریقین کے وکلاء 28 مارچ کو  عدالت میں بحث کریں گے۔

مزیدخبریں