لاہور جنرل ہسپتال میں کورونا  سے بچاؤ کیلئے فیس ماسک تقسیم 

20 Mar, 2023 | 04:40 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)کورونا کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے پیش نظر لاہور جنرل ہسپتال میں ماسک تقسیم کردیے گئے۔

 پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفر  نے  جنرل ہسپتال میں کورونا  سے بچاؤ کیلئے شہریوں میں فیس ماسک تقسیم  کیے۔ان کا کہنا تھا کہ  الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز میڈیکل سسٹم کا اہم جزو  اور عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ 

 پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے فیس ماسک پہننا ناگزیر ہے اور ہیلتھ پروفیشنلز خود کو بیماریوں سے محفوظ رکھ کر ہی مریضوں کے علاج معالجے پر بھرپور توجہ دے سکتے ہیں لہذا ان پر لازم ہے کہ وہ اپنے اور مریضوں کے وسیع تر مفاد میں این سی او سی کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں جس سے وہ نہ صرف خود بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں گے بلکہ ان کے اس عمل سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔

 پرنسپل پی جی ایم آئی  کے مطابق گزشتہ برسوں میں کورونا وبا کے دوران 35ہزار مریضوں کے بلا معاوضہ ٹیسٹ کیے گئے۔  آلودگی اور  کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک کا استعمال نا گزیر،شہری مفت ویکسی نیشن سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

 ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ایسوسی ایشن لاہور جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام کورونا وائرس سے متعلق آگاہی واک کے شرکاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 پروفیسر الفرید ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں میں کورونا وباء کے دوران محکمہ صحت پنجاب کی پالیسی کے مطابق 35ہزار مریضوں کو مفت علاج معالجے اور تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کورونا کی بیماری کے علاوہ بھی نارمل حالات میں ڈاکٹرز کو مریضوں کے علاج کے دوران فیس ماسک کا استعمال کرنا چاہیے جو کہ ایس او پیز کا حصہ ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز میڈیکل سسٹم کا اہم جزو ہیں جو ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ مریضوں کے علاج معالجے میں اپنے فر ائض سر انجام دیتے ہیں اور ان کی خدمات کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے صدر جنید میو و دیگر عہدیداروں نے کورونا بیماری کے حوالے سے احتیاطی تدابیر بارے میڈیکل کمیونٹی میں شعور اجاگر کرنے کے لئے واک کا اہتمام کر کے اپنی احساس ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

   اس موقع پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر، ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم اور ایسوسی ایشن کے عہدیداوں نے لوگوں میں فیس ماسک تقسیم کیے تاکہ شہریوں میں اس حوالے سے زیادہ سے زیادہ شعور بیدارکیا جائے۔

مزیدخبریں