ویب ڈیسک: اسلام آباد میں پولیس نے عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر سے گرفتار کیا۔حسان نیازی ہفتے کے روز عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ موجود تھے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی جس میں کئی گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں جب کہ عدالت کے باہر پی ٹی آئی کارکنان نے ہنگامہ کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس کا مین گیٹ اور شیشے توڑے گئے، جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ اور جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت کی چیزیں توڑنے والے ملزمان گرفتار کیےگئے، پولیس کی 2 گاڑیوں،7 موٹر سائیکلوں کو جلایا گیا، ایس ایچ او گولڑہ کی سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا۔