ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سبینہ فاروق کو ان کے ڈرامہ سیریل ’ تیرے بن‘ میں حیا کے کردار کے باعث دھمکیاں مل رہی ہیں۔
کہتے ہیں کہ اگر کوئی اداکار منفی کردار ادا کرے اور ناظرین اس سے نفرت کرنے لگ جائیں تو یہ اس کردار کی کامیابی ہے، ایسا ہی کچھ ہوا جیو کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’ تیرے بن‘ کی ولن یعنی ’ حیا‘ کے کردار کے ساتھ بھی، جسے پاکستانی اداکارہ سبینہ فاروق بخوبی نبھا رہی ہیں۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے سبینہ فاروق نے چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے ان نفرت آمیز پیغامات کا حوالہ دیا جن میں انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ’میں اب تک ڈراما تیرے بن میں اپنے کردار سے متعلق آپ کی بنائی ہوئی میمز اور لطیفوں سے لطف اندوز ہو رہی تھی، لیکن ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’اب آپ یوٹیوب پر جعلی اور بیہودہ مواد ڈال رہے ہیں اور مجھے دھمکیاں دے رہے ہیں، جو میرے اور میرے خاندان کے لیے پریشان کن ہے، حیا صرف ایک کردار ہے، لیکن کچھ لوگوں کو کردار اور اداکار کا فرق نہیں پتا، میں ایسے لوگوں سے درخواست کرتی ہوں کہ اپنا غصہ مجھ پر نہ نکالیں اور میں ان لوگوں پر لعنت بھیجتی ہوں جو جعلی یوٹیوب ویڈیوز سے پیسے کماتے ہیں‘۔انہوں نے ایسے افراد کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر میں اتنی بری ہوں تو مجھے فالو کرنا بند کریں اور ڈرامے میں حیا کے کردار نہ دیکھیں، لیکن اگر مجھے مزید کوئی دھمکی دی گئی تو میں ان سب کے نام اور ان کے یوٹیوب چینلز ظاہر کرکے سب کو دکھاؤں گی اور پوسٹ کروں گی‘۔خیال رہے کہ سبینہ فاروق ڈرامہ سیریل تیرے بن میں حیا کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو مرتسم (وہاج علی) کی کزن ہے اور اس کی محبت میں گرفتار ہے، لیکن مرتسم کی شادی میرب (یمنیٰ زیدی) سے ہو جاتی ہے۔ حیا یک طرفہ محبت میں گرفتار حسد میں مبتلا ہوکر انہیں الگ کرنے کی خاطر کالے جادو کے استعمال سے بھی گریز نہیں کرتی۔