تحریک عدم اعتماد۔۔ اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا

20 Mar, 2022 | 02:38 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے اسمبلی کا اجلاس آئین کی شق 54(3) اور شق 254کے تحت تفویض اختیارات کو بروئےکار لاتے ہوئے طلب کیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروز جمعہ المبارک صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ 

یہ اجلاس موجودہ قومی اسمبلی کا 41 واں اجلاس ہو گا جو اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل اسپیکر اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا تھا جس میں  قومی اسمبلی سیکرٹریٹ حکام  نے شرکت کی۔ اہم میٹنگ میں قومی اسمبلی کا اجلاس 25مارچ کو بلانے کے قواعد کا جائزہ لیا گیا۔

یاد رہے کہ اسپیکر اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد پر منحرف اراکین کی ووٹنگ کے حوالے سے 3سوالوں کے جواب مانگے تھے، جس پر قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی کا کہنا تھا کہ کسی بھی رکن کوووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تحریک عدم اعتماد ووٹنگ سے قبل ناکام بنانے پر صادق سنجرانی سے مشاورت کی تھی، ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکرتحریک عدم اعتماد کو رولنگ کے ذریعے ناکام بنانا چاہتے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ پہلے ہی عدم اعتماد کو آئین کےمطابق نمٹانے کی آبزرویشن دےچکی ہے۔

مزیدخبریں