ویب ڈیسک: رمضان میں اشیاخردنوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں ,جس وجہ سےمہنگائی کی چکی میں پسی عوام ماہ صیام میں بھی خدا کی نعمتوں سے محروم رہ جاتی ہے
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کیلئے تاریخی رمضان پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکج کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ رواں برس رمضان بازاروں میں عوام کو 2021ء کی قیمتوں کے مطابق اشیاء ضروریہ دستیاب ہوں گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ 10کلو آٹے کا تھیلہ 375روپے کا ملے گا جبکہ زرعی فیئرپرائس شاپس پر آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت 13آئٹمز عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر ملیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں سبزیوں، پھل اور دالوں کی سستے داموں فراہمی پر1 ارب 25کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں 317رمضان بازار 25شعبان سے فنکشنل ہو جائیں گے جبکہ رمضان بازاروں کے اوقات کار صبح 9بجے سے افطار تک ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت نے ماہ مقدس میں کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لئے خصوصی ریلیف پیکج دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان پیکیج کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام بنایا گیا ہے۔