(سٹی 42) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے 175 ممالک میں پھیل چکی ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس کے 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے پنچے گاڑ لیے، پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 152 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 451 ہو گئی ہے، سندھ میں مزید 37، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 53، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت میں 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، سندھ میں ایک مریض صحت یاب ہوگیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کے مزید 14 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، نئے سامنے آنے والے مریضوں کا تعلق ڈیفنس، گلبرگ، ماڈل ٹاﺅن اور ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقوں سے ہے اوران مریضوں میں ایسے بھی شامل ہیں جنہوں نے بیرون ملک سفرنہیں کیا۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 78 ہو گئی۔ آئندہ دو سے تین ہفتے میں 5 ہزار سے زائد زائرین اور طلبا پنجاب میں آئیں گے۔ پنجاب بھر میں 500 آئسولیشن کمرے بن چکے ہیں۔
وزیر صحت کے مطابق اب تک پنجاب میں سرکاری طور پر 384 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 320 منفی اور 64 مثبت جبکہ 14 نجی لیبارٹریوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
علاو ہ ازیں پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پاسپورٹ دفاتر 15 روز کیلئے بند کردیئے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ دفاتر کو رش اور بائیو میٹرک کی وجہ سے بند کیا گیا، کیونکہ بائیو میٹرک سسٹم اور رش سے خطرناک وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے ۔
واضح رہےکہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی سطح پر میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی جس کے بعد ہر ملک کی جانب سے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاہور سمیت صوبے بھر میں تعلیمی ادارے، سینما گھر اور شادی ہالز بھی بند کروادیئے، دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے ۔