(سٹی42) انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو، لاہور میں پی ایس ایل تھری کا رنگا رنگ میلہ سجنے میں چند گھنٹے باقی رہ گئے، آج پھر ہوگی قذافی سٹیڈیم میں چوکوں اور چھکوں کی بارش، غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان پہنچ گئے ، آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے درمیان بڑا ٹاکرا ہوگا۔
پی ایس ایل تھری کی رونقوں نے متحدہ عرب امارات کے صحرا ؤں٘ سے لا ہور کا رخ کر لیا، آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا میلہ سجے گا، جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، پی ایس ایل میچز کیلئے قذافی سٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں کی صفائی ستھرائی کا کام مکمل کرلیاگیا۔
گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس،سٹنگ ایریا اور پارکنگ کے تمام تر انتظامات بھی مکمل ہوگئے۔ ٹیموں کی گزر گاہ پرپی سی سے قذافی سٹیڈیم تک سرچ لائٹس نصب کر دی گئیں جورات کے اوقات میں روٹ کوروشن رکھیں گی۔ نہر میں ریسکیو 1122 کی کشتیوں میں اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔ سپیشل غوطہ خور نہر کے اندر بھی مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں گے۔
پی ایس ایل پلے آف میچز کے سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کو حتمی شکل دیدی گئی، مال روڈ نہر سے مسلم ٹاؤن انڈر پاس تک نہر میں میچز کے دوران کسی کو بھی نہانے اور نہر کنارے پارک میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ کشتیوں میں پولیس اہلکار میچ کے دوران مسلح ڈیوٹیوں پر تعینات ہونگے۔سول سیکرٹریٹ میں پی ایس ایل کی سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کردیاگیا۔ کنٹرول روم محکمہ داخلہ میں قائم کیا گیا ہے۔جہاں کیمروں، انٹرنیٹ اور پولیس کنٹرول سسٹم کی مدد سے پی ایس ایل کی سکیورٹی کو مانیٹر کیا جائے گا۔
پی ایس ایل میں شرکت کیلئے چھ مختلف ممالک کے سترہ کھلاڑی اورسات رکنی کوچنگ اسٹاف پاکستان پہنچ گیا، لاہور آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں میں ڈیرن سیمی، ایون لوئس، لیئم ڈاسن، آندرے فلیچر، کرس جارڈن، کرس گرین، رکی ویسلز، لینڈل سیمنز، جون ڈینلی، روی بوپارا، تائمل ملز، کولن انگرام، ڈیوڈ وائزے، محمود اللہ اور ریلی روسو شامل ہیں۔ کوچنگ اسٹاف میں شامل میم آرتھر، سر ویون رچرڈز اور جولیئن فاونٹنو شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آج پی ایس ایل کے دوسرے پلے آف میں پچھلے سال کا فائنل کھیلنے والی ڈیرن سیمی کی ٹیم پشاور زلمی اور سرفراز احمد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی کے درمیان آج بڑا ٹاکرا ہوگا۔ فاتح ٹیم کل کراچی کنگز کے مدمقابل ہو گی، کل کا میچ جیتنے والی ٹیم 25 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے فائنل کھیلے گی۔