بینظیر بھٹو کی جمہوری جدوجہد پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے، جمال خان رئیسانی

20 Jun, 2024 | 08:29 PM

اویس کیانی:  پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے نوجوان راہنما، ایم این اے نوابزادہ جمال خان رئیسانی نےبے نظیر بھٹو کی70 ویں سالگرہ پر پیغام میں کہا ہے  کہ بے نظیر بھٹو کی جمہوری جدوجہد اور قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے۔

 ایم این اے جمال خان رئیسانی نے کہا کہ  انہوں نے آمریت کے خلاف طویل اور تاریخ ساز جدوجہد کرکے عالمی سطح پر پاکستان اور قومی تشخص کو اجاگر کیا۔ بے نظیر بھٹو انسانی حقوق کی علمبردار ،ملکی استحکام، سالمیت اور قومی مفادات کی امین تھیں۔اسلامی ممالک میں وہ دخترِ اسلام کے نام سے سرفراز ہوئیں۔

 ایم این اے جمال خان رئیسانی نے کہا کہ  ہمارے دل و دماغ میں بے نظیر بھٹو  زندہ ہیں اور ان کی یاد تازہ ہے۔  محترمہ بے نظیر بھٹو پارٹی کارکنوں کے لئے امید کی روشنی اور خوابوں کی تعبیر تھیں۔  محترمہ بے نظیر بھٹو بے شمار خوبیوں کا مرقع تھیں۔وہ ایک ہمدرد اور شفیق شخصیت کی مالک تھیں۔ان کا دل غریبوں اور کارکنوں کی ہمدردی سے لبریز تھا۔ قوم اپنی عظیم قائد کو نہ بھولی ہے اور نہ کبھی بھولے گی۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جس نظریے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دیا وہ نظریہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔

ایم این اے جمال خان رئیسانی نے کہا، پاکستان پیپلز پارٹی اپنی قیادت کے ویژن کے  مطابق جمہوریت سے نفرت کرنے والوں کا ہر قدم پر مقابلہ کرے گی۔

مزیدخبریں